دپیکا فلم میں رنویر کی بیوی کا کردار ادا کرنے کیلیے تیار

رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون شادی کے بعد فلم میں بھی میاں بیوی کا کردار ادا کریں گے۔

پچھلا سال رنویر سنگھ کے لیے ہر لحاظ سے کامیاب ترین ثابت ہوا جس میں نہ صرف وہ بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ دپیکا پڈوکون سے شادی کرنے میں کامیاب رہے بلکہ ایک ہی سال میں انہوں نے انڈسٹری کو ’پدماوت‘ اور ’سمبا‘ جیسی بلاک بسٹرفلمیں بھی دیں جو رنویر سنگھ کی کیریئر کی بہترین فلمیں بن چکیں ہیں، جب کہ دپیکا بھی فلم ’پدماوت کا حصہ تھیں تاہم وہ کسی بھی سین میں رنویر کے ساتھ دکھائی نہ دیں۔

رنویر سنگھ ان دنوں روہت شیٹھی کی فلم ’سمبا‘ کی کامیابی کا جشن منانے میں مصروف ہیں جس کے بعد ان کی عالیہ بھٹ کے ساتھ فلم ’گلی بوائے‘ بھی ریلیز کے لیے تیار ہے جس کے بعد وہ سابق بھارتی کپتان کپل دیو کی زندگی پر بننے والی فلم ’83‘ کی شوٹنگ کا آغاز کرنے والے ہیں۔

بالی ووڈ کو ’ایک تھا ٹائیگر‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ جیسی کامیاب فلمیں دینے والے کبیر خان رنویر سنگھ کی فلم ’83‘ کی ہدایت کاری دیں گے جو 10 اپریل 2020 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی جب کہ اب رپورٹس سامنے آئیں ہیں کہ رنویر سنگھ کی بیوی دپیکا پڈوکون فلم میں کپل دیو کی بیوی رومی بھاٹیہ کا کردار ادا کریں گے، یوں بالی ووڈ کا یہ نوبیہاتہ جوڑہ فلم میں بھی میاں بیوی کا کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے رنویر سنگھ کی فلم ’سمبا‘ دنیا بھر سے 2 سو کروڑ سے زائد کماچکی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے